وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جنوبی کوریا کے بدھ جوگی سلسلے کے وفدنے ممتاز رہنما وان ہینگ کی سربراہی میں ملاقات کی،جس دوران بین المذاہب ہم آہنگی، سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جوگیہ سلسلے کے اعلی سطح وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور یہی ہمارے مذہب اسلام کی تعلیمات ہیں ۔
دنیا بھر میں سکھ مذہب کے پیروکاروں کو ان کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے گردوارہ تک رسائی دینے کے لیے ہم نے کرتارپور راہداری کو کھول دیا ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں سکھ دھرم کے کروڑوں پیروکار وزیر اعظم عمران خان کے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں ،پاکستان میں قدیم گندھارا تہذیب میں بدھ مت کے اہم تہذیبی آثار موجود ہیں ۔بدھ مت کے پیروکار کثیر تعداد میں ان مقامات کی زیارت کے لئے پاکستان آتے ہیں جنہیں ہم ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے ثقافتی سفارت کاری کا بھی آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ہم بدھ ازم سمیت دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو پاکستان آنے کیلئے آن لائن ویزہ کی سہولت مہیا کر رہے ہیں ،بدھ جوگی وان ہینگ نے وزیر خارجہ کو جوگی سلسلے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ "بدھ جوگی سلسلہ" ، جنوبی کوریا میں بدھ مذہب کا سب سے بڑا سلسلہ ہے۔وفد کے سربراہ ممتاز جوگی راہنما وان ہینگ نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر حکومت پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔