کراچی:ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 300 سے 320 روپے فی کلو سے تجاوز کرنے کے بعد 400روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ایک رپورٹ کے مطابق ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹروں کی قیمت طے نہ ہونے کی وجہ سے تاجر زیادہ منافع کمانے کے لیے سندھ اور سوات کی فصل کی قیمت کو ایران کے ٹماٹر کے نرخ کے برابر لے آئے ہیں۔تاہم مقامی انتظامیہ نے ماضی کی طرح پیر کے 193 روپے فی کلو کے مقابلے میں گزشتہ روز 253 روپے فی کلو کے نرخ جاری کیے۔نومبر کے پہلے ہفتے میں سرکاری سطح پر ٹماٹر کی قیمت 117 روپے فی کلو تھے اور گزشتہ روز کے سرکاری نرخ سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خود قیمت میں اضافہ کررہی ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کا 13 سے 14 کلو کا ڈبہ معیار کی مناسبت سے 4 ہزار 2 سو سے ساڑھے 4 ہزار روپے میں دستیاب ہے جس کے باعث تاجر ٹماٹر کی خریداری نہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔گزشتہ ہفتے حکومت نے ایران سے ساڑھے 4 ہزار ٹن ٹماٹر درآمد کرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر تیزی سے نہیں آرہے جس کے باعث ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ایک تاجر نے کہا کہ اب تک ایران سے درآمد کیے جانے والے ساڑھے 4 ہزار ٹن ٹماٹر میں سے اب تک 9 سو 89 ٹماٹر ملک پہنچے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وہ تفتان بارڈر پر مزید ٹماٹر پہنچنے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔ادھر زرعی اور ٹماٹروں کی پیداوار والے ضلع بدین میں نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے باوجود ٹماٹروں کی قیمت میں واضح فرق نہیں آیا۔جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں ٹماٹر 300 سے 320 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، حیدرآباد میں ٹماٹر 280 سے 300 روپے فی کلوکی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔سکھر میں 200سے240 روپے فی کلو میں جبکہ گھوٹکی کی سبزی منڈی میں ٹماٹرکی قیمت 160سے180 اور عام مارکیٹ میں 200 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔