کشمیر میں107دن کاکرفیوعالمی امن کے ٹھیکیداروں کے منہ پرطماچہ ہے:فرید پراچہ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں107 روز سے جاری کرفیو اور بدترین مظالم امن عالم کے نام نہاد عالمی ٹھیکیداروں کے منہ پر ایک طمانچہ اور پاکستانی حکمرانوں کے لیے ایک تازیانہ غیرت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر ی خواتین کے سلسلہ میں بھارتی (ر) جنرل نے جس گندی ذہنیت اور گھٹیا زبان درازی کا مظاہرہ کیاہے ، وہ مودی حکومت کی سرکاری سوچ کا آئینہ دار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مودی سرکار کو شٹ اپ کال دینا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ حکمرا ن سیاسی مخالفین پر گرم گفتاری کی بجائے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بتائے کہ اس نے 107 دنوں میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جنرل اسمبلی میں ایک تقریر کرنے کے علاوہ کون سے اقدامات کیے ہیں ۔