بھارتی پابندیوں کے باعث کشمیری سخت مشکلات کا شکار، امریکہ کردار ادا کرے: ہیومن رائٹس واچ
واشنگٹن (کے پی آئی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری کردار ادا کیاجائے ۔ امریکی انتظامیہ کردار ادا کرے تاکہ جموں کشمیر میں قیدی رہا ہوں ۔ پابندیاں ختم ہوں ، مواصلاتی بلیک آوٹ ختم ہو سکے ، آزاد مبصرین سفارتکار، بین الاقوامی صحافی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو کشمیر میں آزادانہ رسائی مل سکے ۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے یو ایس کانگریس کے لیے تحریری خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پابندیوں کے باعث کشمیری عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں ۔بھارتی حکومت یہ پابندیاں ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ۔ امریکی کانگریس کشمیری عوام کے تحفظات اور انکی مشکلات پر توجہ دے ۔ کے پی آئی کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کے ایڈووکیسی ڈائریکٹر برائے ایشیاء جان سوفٹن کی طرف سے تحریر کئے گئے بیان میں کہا گیا بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشان دہی ہوئی ہے ۔ احتجاج کرنے والوں کے خلاف بھارتی طاقت کا ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ بھارتی حکومت جموں کشمیر کی صورتحال پر ماضی کے مسائل کو الزام دے رہی ہے ۔ ابھی تک دراندازی کا الزام دیا جا رہا ہے ۔ بھارتی حکومت ایسے الزامات کے ذریعے جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے معاملات کو نظر انداز کر رہی ہے ۔