ایک ارب سے زائد کرپشن کا الزام، سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ وسیم اجمل گرفتار
لاہور(سٹاف رپورٹر) لاہور نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی)کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) ، وسیم اجمل کو ایک ارب سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سابق ایم ڈی اور پراجیکٹ ٹیم لیڈر محمد وسیم اجمل پرلگائے گئے الزامات کے مطابق خرم اجمل کیجانب سے 26اپریل 2014 کو ایک بورڈ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ملزم وسیم اجمل نے دانستہ طور پر میٹنگ کے شرکاء وبورڈ ممبران سے کنٹریکٹ کے مندرجات مخفی رکھتے ہوئے پراجیکٹ کی غیر قانونی طور پر منظوری حاصل کی ۔ میسرزالبیراک کو دئیے گئے پراجیکٹ کی لیبر کاسٹ ابتدائی تخمینہ میں شامل کی جا چکی تھی جبکہ ملزم وسیم اجمل حقائق کو مخفی رکھتے ہوئے کنٹریکٹر کمپنی کو دہری ادائیگی کروانے کا مرتکب ہوا۔ ملزم کے اس اقدام سے قومی خزانے کو کم و بیش ایک ارب 27کروڑ روپے کا نقصان پہنچا تاہم اس دوران ملزم کیجانب سے ہی جعلی ایگزیمپشن کے طور پر 96ہزار امریکی ڈالر کی غیر قانونی ادائیگی بھی کروائی گئی، تفصیلات کے مطابق 2012میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ راولپنڈی کیجانب سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مشاورتی خدمات کے حصول کیلئے کنٹریکٹ فراہم کیا گیا۔ مذکورہ کاغذات کی تیاری کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو چار ممران پر مشتمل تھی جن میں وسیم اجمل بطور ایم ڈی، ایل ڈبلیو ایم سی، چیف فنانشل آفیسر(سی ایف او) رانا محمد عارف ، کرنل(ر) محمد طاہر جنرل مینجر پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ اور جنرل مینجر آپریشنز خالد مجید شامل تھے۔ 2012میں ہی ایل ڈبلیو ایم سی کیجانب سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کیلئے راولپنڈی اورمری میں ٹینڈرنگ پراسیس کا آغاز کر دیا گیا۔ تاہم اس دوران ایل ڈبلیو ایم سی کیجانب سے پراجیکٹ کی لاگت کاتخمینہ 81 ملین ڈالر لگایا گیا جبکہ ٹیکنیکل ماہرین کی رائے کیمطابق مجموعی رقم میں ملزمان کیجانب سے 34ملین ڈالر اضافی شمار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایل ڈبلیو ایم سی کیجانب سے تخمینہ میں 1436ملازمین کی تنخواہوں کے نام پر 16ملین ڈالرکی رقم مزید شامل کر دی گئی۔ اس طرح ملزمان نے دانستہ بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پراجیکٹ کیلئے بڈنگ کے کاغذات حقیقی تخمینہ لاگت سے بڑھا چڑھا کر تیار کئے اور دہری ادائیگی کی مد میں حکومتی خزانے کوکم و بیش 1ارب روپے سے زائدکا نقصان پہنچایا۔ نیب لاہور کیجانب سے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مجموعی طور پر چھ 6ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے جن میںسابق ایم ڈی، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رضوان علی شیر دل، سابق چیف فنانشل آفیسر ملزم رانا عارف، سابق جنرل مینجر آپریشنز خالد مجید، سابق جنرل مینجر پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹس طاہر مقبول، سابق ایکٹنگ کمپنی سیکرٹری,آر ڈبلیو ایم سی محمد عثمان حنیف اور آج سابق ایم ڈی، ایل ڈبلیو ایم سی ملزم محمد وسیم اجمل کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش کیا جائیگا۔