سخاوت حضور کی(۲)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، فرماتے ہیں : ایک شخص کا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمہ، ایک مخصوص عمر کا اونٹ تھا ،وہ شخص آپ کی خدمت میں آیا اوراپنے اونٹ کا مطالبہ کرنے لگا۔ حضور نبی محتشم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام کو حکم دیا کہ اس شخص کو (مطلوبہ)اونٹ دے دو۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اس عمر کا اونٹ تلاش کیا جس کا وہ شخص حق دار تھا لیکن ان کو صرف وہی اونٹ ملا جو عمر کے اعتبار اس کے اونٹ سے بہتر تھا۔ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اس کو یہی اونٹ دے دو۔ وہ شخص کہنے لگا، آپ نے مجھے کامل ادائیگی کی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو زیادہ عطافرمائے، حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جو(دوسروں کے حقوق )بہتر انداز میں اداکرتا ہے۔ (صحیح بخاری)
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ایک شخص نے دس درہم قرض کے عوض اپنے مقروض کو پکڑلیا، وہ شخص کہنے لگا، میرے پاس تجھے دینے کے لیے کچھ نہیں، وہ (قرض خواہ )کہنے لگا، نہیں ، خدا کی قسم ، میں اس وقت تک تجھ سے علیحدہ نہیں ہوں گا جب تک تو مجھے میرا قرض ادانہیں کرتا یا کوئی ضامن پیش نہیں کرتا۔ وہ اس شخص کو کھینچ کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لے آیا، آپ نے اس شخص سے پوچھا: تم اس کو کتنی مہلت دے سکتے ہو؟اس نے عرض کیا : ایک مہینا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تو میں اس کی ضمانت دیتا ہوں، وہ شخص مقررہ وقت پر (مال لے کر)حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوگیا۔ آپ نے اس سے پوچھا: تمہیں یہ مال کہاں سے ملا ہے؟ اس نے عرض کیا : کان سے ، حضور نے فرمایا:اس (مال)میں کوئی بھلائی نہیں، پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کا قرض اپنے پاس سے اداکردیا۔(سنن ابن ماجہ)
حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: کچھ لوگ(انصاری)کھجوروں کے کچھ درخت حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے استعمال کے لیے وقف کرتے تھے ، جب بنوقریظہ اوربنونضیر کے اموال فتح ہوئے تو میرے اہل خانہ نے مجھے حکم دیا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضری دوں اورعرض کروں کہ انہوںنے آپ کی خاطر جو درخت مختص کیے تھے، وہ سارے یا ان میں سے کچھ ان کو عطافرمادیں، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ درخت حضرت ام ایمن رضی اللہ عنہا کو عطافرمادیے تھے، ام ایمن رضی اللہ عنہا آئیں اورمیری گردن میں کپڑا ڈال کرکہنے لگیں: ہر گز نہیں ، اس ذات کی قسم جس کے سواکوئی عبادت کے لائق نہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان سے فرماتے تھے ، تمہیں ان درختوں کے بدلے اتنا مال دیا جائے گا تو وہ کہتی تھیں : ہر گز نہیں ، خدا کی قسم ! راوی کہتے ہیں :(یہ سلسلہ جاری رہا)حتیٰ کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ان کو میرے خیال میں، ان درختوں سے دس گنا عطافرمادیا۔(صحیح بخاری)