معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے،عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان کی قیادت میں راولپنڈی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں فلاح عامہ کے کاموں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اوروہ صرف عوامی خدمت ہےـعوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے جبکہ مشاورت سے مسائل کی نشاندہی کے بعدجامع پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے ہیں۔عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں ـ تحریک انصا ف کی قیادت عوامی مینڈیٹ پر پورا اترے گی ـ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں میں سادگی کو فروغ دیا ہے اور اس کا آغاز وزیراعظم عمران خان نے خود مثال قائم کرکے کیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت وی آئی پی کلچر کے خلاف ہے اور ملک کو درست سمت پر ڈال کر نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے پاکستان کی تعمیر ایک کٹھن اور مشکل مرحلہ ہے جس میں کامیابی کا واحد راستہ خلوص نیت سے عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ نیا پاکستان ہم سب نے مل کر بنانا ہے اور ایسے اقدمات کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کو تبدیلی نظر بھی آئے گی۔ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں تحریک انصاف کی حکومت دن رات کام کر رہی ہے اور عوام کی خدمت کے علاوہ ہماری کوئی اور دوسری ترجیح نہیں ہے، عوام کو ان کو حق دلایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام، کام اور صرف کام کرنا ہو گا تاکہ عوام کو ریلیف اور سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعار ف کرایا جا رہا ہے جو حقیقی انداز میں عوام کے مسائل کے حل میں مدد گا ر ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عوام کو اہل اقتدار کے ایوانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ان کی مرضی کے مطابق حل کئے جائیں گے اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کیلئے عوام نے تحریک انصا ف کو ووٹ کی طاقت سے خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختصر وقت میں ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جو پہلے کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا ناسور ہے ، کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی ر ابطہ رکھیں اوراپنے علاقے میں جاکر عوامی مسائل حل کریں۔