پاکستان پریمئیر لیگ فٹبال،کے الیکٹرک کی شاندار جیت
لاہور(سپورٹس رپورٹر) کراچی میں جاری پاکستان پریمئیر لیگ کے سلسلہ میں تین میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں کے الیکٹرک نے بلوچ نوشکی کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی، میچ کے چوتھے منٹ میں ہی رسول نے گول کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو برتری دلادی مگر بلوچ نوشکی کے کھلاڑی دولت نے 11ویں منٹ میں گیند جال میں پھینک کر سکور برابر کر دیا، کھیل کے آخری لمحات میں رسول نے ایک مرتبہ پھر کے الیکٹرک کے لئے انفرادی طور پر دوسرا گول داغ دیا اور اپنی ٹیم کو 2کے مقابلے میں 4گول سے فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کیا، دوسرے میچ میں سوئی ناردرن اور پاکستان ائیر فورس کا مقابلہ برابر رہا، کوئی ٹیم سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ آخری میچ میں آرمی اور کے آر ایل کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں ملا دونوں ٹیموں نے سخت محنت کی، آرمی کے کھلاڑی عمر وقار نے 25ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جسے کے آر ایل کے محمد شاہد نے 43ویں منٹ میں برابر کردیا۔ کھیل کے آخر تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کر سکیں ۔