پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ آج ہو گی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ (آج) منگل کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوگی ۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فور کے ڈرافٹ کے لئے چھ رکنی پینل بھی تشکیل دیا گیا ہے جو چھٹی ٹیم کی ڈرافٹنگ کو فائنل کرینگے ان میں ندیم خان(ٹیم منیجر) سمیت شعیب ملک(کپتان)، فیصل مرزا( کنسلٹنٹ)،حیدر اظہر(کنسلٹنٹ)،جوہان بوتھا( ٹیلی فون لنک) اور عبد الرحمان شامل ہیں۔پاکستان سپر لیگ فور میں چھ ٹیمیں شرکت کرینگی جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈیٹر، کراچی کنگز، لاہور قلندر اور چھٹی ٹیم شامل ہوگی ۔ چھٹی ٹیم کے لئے جن آٹھ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے ان میں شعیب ملک( پلاٹینیم)،جنیدخان( ڈائمنڈ)،محمد عرفان (ایمبیسڈر)،شان مسعود(گولڈ)،محمد عباس، عرفان خان اور عمر صدیق( سلور) جبکہ محمد جنید( ایمرجنگ) کیٹگری شامل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قبل ازیں چھٹی ٹیم پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطان کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا تھا۔