حکومت ٹی بی کے خلاف احسن اقدامات کررہی ہے: شہلا رضا
کراچی (لیڈی رپورٹر) حکومت سندھ ٹی بی کے مکمل خاتمہ کیلئے احسن اقدامات کررہی ہے۔ اس بات کا اظہار صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے برج فائونڈیشن کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور برج کنسلٹنٹ فائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شرف علی شاہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سالانہ تقریباً نصف ملین ٹی بی کے نئے انفیکشن سامنے آتے ہیں اور ہر سال تقریباً ایک تہائی قابل توجہ کیسز تشخیص نہیں ہوپاتے ہیں اور ابھی تک ان کا اندراج نہیں کیا گیا ہے۔ بعدازاں یہ کیسز انفیکشنز کا گڑھ بن جاتے ہیں جو کہ معاشرے میں بیماریاں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ٹی بی کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی اہداف کو عبور صرف اس وقت کرسکتا ہے جب ٹی بی کیس تلاش کیے جائیں اور ان کا باقاعدہ علاج کیا جائے۔