حکومت نے تین ماہ اپوزیشن سے محاذآرائی میں ضائع کردیئے: اویس نورانی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تین ماہ اپوزیشن سے محاذ آرائی میں ضائع کر دیئے ہیں۔ عمران خان اپنی بہن علیمہ خان کی بے نامی جائیداد کا قوم کو جواب دے۔ تین ماہ میں حکومت اصلاحات کا کوئی بل پارلیمنٹ میں نہیں لا سکی۔ عمران خان قومی اسمبلی کے 20 میں سے 17 اجلاسوں سے غیر حاضر رہے۔ وزیراعظم نے تین ماہ کے دوران صرف ایک بار سینٹ کے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہر ہفتے ممبران پارلیمنٹ کے سوالوں کے جواب دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ عوام کو سبز باغ دکھانے والی تبدیلی سرکار کا پول کھل چکا ہے۔ قوم یوٹرن خان سے مایوس ہو چکی ہے۔