غزہ پراسرائیلی جارحیت ساتویں روز بھی جاری ہیں، چار بچوں سمیت بیس سے زائد فلسطینی شہید, شہداء کی مجموعی تعداد ایک سودس سے تجاوز کر گئی۔
غزہ پر صہیونی دہشتگردانہ کارروائیاں ساتویں روز بھی جاری ہیں اسرائیلی طیاروں نےرہائشی علاقوں پربمباری کی۔ شمالی غزہ میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک فلسطینی شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ اسکے علاوہ غزہ میں موجود مہاجرین کیمپوں پر بھی اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی۔ خان یونس میں اسرائیلی طیاروں نے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس میں بچے سمیت تین افراد شہید ہوئے۔ قرارہ میں بھی اسرائیلی حملے سے دو فلسطینی کسان شہید ہوگئے۔دیرالبلاہ میں کار پرحملے میں تین فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ غزہ کے مشرق میں بمباری سے پانچ سالہ بچے اور دو خواتین سمیت چار افراد نشانہ بن گئے۔ادھر وسطی غزہ میں میڈیا کی کثیر المنزلہ عمارت پر حملے میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے مصر کےصدرمحمد مرسی سےٹیلی فونک گفتگومیں کہا ہےکہ غزہ میں امن کیلئےحماس کواسرائیل پرراکٹ حملےبند کرنا ہوں گے۔ ادھر اقوامِ عالم کی جانب سے اسرائیلی دہشتگردی کی مذمت کے ساتھ ساتھ تنازعے کے حل کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے بھی کئے گئے۔ بیلجیم میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج کیا جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی اور مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں طلباء اور وکلاء نے اسرائیل کیخلاف مظاہرے کئے اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔