مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے ‘ 2کشمیری نوجوان  گرفتار

May 20, 2025

سری نگر(کے پی آئی) جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ میں متعدد مقامات پر گھروں پر چھاپے مارے تاکہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جاسکے۔فورسز کے اہلکاروں نے تقریبا 18 مقامات پر گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی جن میں زیادہ تر آزادی پسند کارکنوں اور ان کے رشتہ داروں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔حکام نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران کئی الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے ۔ادھر بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے منڈی میں بھی گھروں پر چھاپے مارے۔ آخری اطلاعات آنے تک چھاپہ مارکارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔ بھارتی پولیس اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے وادی کشمیر میں بھی 11مقامات پر چھاپے مارے اور متعدد نوجوانوں کو پوچھ گچھ کے نام پر گرفتارکر لیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے ڈی کے پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران زاہد احمد اور انور خان نامی دو نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ بھارتی فورسز نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے ان سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کیا۔ نوجوانوںکے خلاف امام صاحب پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

مزیدخبریں