غزہ، تل ابیب، نیویارک (آئی این پی+ انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کے جنوبی اور شمالی غزہ پر حملوں میں مزید 137 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 24 گھنٹے میں شہداء کی تعداد 136 ہو گئی۔ صیہونی فورسز نے خان یونس میں نصیر ہسپتال پر دوبارہ وحشیانہ بمباری کی ہے۔ عرب میڈیاکے مطابق طبی ذرائع کا کہنا ہے 6 افراد خان یونس، جب کہ 5 افراد شمالی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے۔ جبکہ جنوبی غزہ میں بھی شہادتیں ہوئی ہیں۔ یہ حملے اسرائیلی فوج کے غزہ پٹی میں بڑے پیمانے پر زمینی آپریشن کا حصہ ہیں، جو ایک روز قبل شروع کیا گیا اور تاحال جاری ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی دباؤ پر غزہ میں محدود پیمانے پر بنیادی انسانی امداد کی تقسیم کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر مکمل قبضہ کرے گا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس اور قریبی علاقوں نبی سہلا رورعبان کے تمام شہریوں کو فوری جبری انخلا کا حکم بھی دے دیا۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نے وزیراعظم کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم غزہ کی پٹی پر کنٹرول حاصل کرنے جا رہے ہیں، شدید لڑائی جاری ہے، پیشقدمی کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے رہائشیوں کی فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور خبر دار کیا ہے کہ وہاں ایک بے مثال حملہ ہونے والا ہے۔ فلسطینیوں کو مغرب کی طرف المواسی منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسرائیل نے 24 گھنٹے میں 160 اہداف کو نشانہ بنایا۔ پاپولر ریزسٹنس کے کمانڈر سرحان کی شہادت کی تصدیق ہو گئی۔ وہ اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنے۔ ان کی بیوی اور بچے کو حراست میں لے لیا گیا۔
جلد غزہ پر مکمل قبضہ ہوگا ، نیتن یاہو : امریکی دبائو پر محدودامداد رسائی اجازت : کمانڑ سمیت مزید 137فلسطینی شہید
May 20, 2025