ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کا آغاز ہوچکا جس وجہ سے موسم پھر بے لگام ہوگیا۔گرمی کی اس نئی لہر کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔ آج سے 24 مئی تک درجہ حرارت معمول سے چار سے چھہ ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہے گا۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وسیع علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں بھی دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے دوران میدانی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ بھی چلنے کی توقع ہے، جو شہری زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ درجہ حرارت معمول سے پانچ تا سات ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار، تیز ہواؤں، ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ کا بھی خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ اسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال بڑھائیں، دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ بزرگ اور بچے صبح 10 بجے سے شام 5 بجے کے دوران براہ راست سورج کی روشنی سے دور رہیں۔ پشاور میں عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو گرمی کی شدت سے متعلق بروقت خبردار کیا جا سکے۔ ادھر لاہور میں موسم شدید گرم ہو چکا ہے۔ ہواؤں کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا، گرمی کی شدت نے اسکول جانے والے بچوں کو بے حال کر دیا ہے۔ بیشتر اسکولوں میں لوڈشیڈنگ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ والدین اور اساتذہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں کے لیے فوری ریلیف اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کی صحت متاثر نہ ہو۔ ہیٹ ویو کی اس خطرناک لہر کے پیش نظر ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی زیادہ پئیں اور دھوپ میں جانے سے قبل مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
موسم پھر بے لگام،گرمی کی شدت میں مزید اضافہ، ملک ہیٹ ویو الرٹ جاری۔
May 20, 2025 | 10:18