بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس، جیل حکام سے جواب طلب

May 20, 2025

 اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ اس عدالت کے حکم کے باوجود ہماری ملاقات نہیں کروائی گئی،اس عدالت کے ستمبر اور اکتوبر 2024 کے آرڈر کی خلاف ورزی ہوئی ہے،جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ کیا آرڈر تھا ہمارا جس کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جس پر وکیل نے کہاکہ عدالت نے کورڈینیٹر کے ذریعے ملاقات کا کہا تھا، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ آپ ستمبر اور اکتوبر2024 کی بات کر رہے ہیں اب 2025 ہے ،آپ چاہتے ہیں ہم کوآرڈینیٹر کے خلاف کارروائی کریں اسے پکڑیں، جسٹس ارباب محمد طاہر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم ریکارڈ منگوا لینگے اگر کچھ غلط بیانی ثابت ہوئی تو آپ کو جرمانہ عائد کرینگے،ہم نے کوارڈینیٹر کے ذریعے ملاقات کا کہا تھا کیا ملاقات نہیں ہوئی اسکے بعد؟ ، جس پر وکیل نے کہاکہ گزشتہ ہفتے ہم اڈیالہ جیل گئے لیکن ملاقات نہیں ہوئی،عدالت نے جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں