اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک بیت اللہ کا حج ہے۔بیت اللہ کی زیارت او رفریضہ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے۔ ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے۔ اس کا منکردائرہ اسلام سے خارج ہے۔ اجر وثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے۔ تمام کتب حدیث وفقہ میں اس کی فضیلت اور احکام ومسائل کے متعلق ابو اب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔حدیث نبویؐ ہے کہ ’ حج مبرور کا ثواب جنت کے سوا کچھ اور نہیں‘ مگر یہ اجر وثواب تبھی ہے جب حج او رعمر ہ سنت نبویؐ کے مطابق اوراخلاص نیت سے کیا جائے اور تمام منہیات سے پرہیز کیا جائے ورنہ انسان حج وعمرہ کے ا جروثواب سے محروم رہے گا۔ حج وعمرہ ایسی عبادت ہے جس میں انسان بڑی مقدار میں مال بھی صرف کرتا ہے۔ نقل وحرکت بھی کرتا ہے اور شدید قسم کی جسمانی سعی ومشقت بھی کرتا ہے۔ اس لیے حج وعمرہ میں یہ بات بے حد ضروری ہے کہ انسان انھیں سنت طریقے کے مطابق بجالائے۔ ان عبادات کا جتنا اجر وثواب ہے ان کے بجالانے میں احتیاط بھی اسی قدر ضروری ہے۔ حج وعمرہ کے ثواب میں رسول اللہﷺ سے بے شمار احادیث موجود ہیں جن سے ان عبادات کی اہمیت وفضیلت کا اندازہ ہوتا ہے۔ حج وعمرہ کے لیے جانے والے اکثر لوگ ان کے بجالانے میں بہت سی غلطیاں کر جاتے ہیں جن سے ارکان حج وعمرہ کے رائیگاں جانے کا خدشہ رہتا ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر دارالسلام نے ’ رہنمائے حج وعمرہ‘ کتاب تیار کی ہے۔ یہ کتاب حجم میں جتنی مختصر ہے موضوع کے اعتبار سے اتنی ہی اہم ہے۔ کتاب کی اہمیت کا اندازہ اس میں شامل عنوانات سے کیا جاسکتا ہے۔مثلاً ارکان حج کتنے ہیں ؟ فرائض حج کون کون سے ہیں ؟ اقسام حج کتنے ہیں ؟ مردوں اور عورتوں کے لیے احرام حج کی پابندیاں کون سی ہیں ؟وہ کون سے ایسے کام ہیں جو احرام کی حالت میں کیے جاسکتے ہیں ؟ کوئی شخص احرام کی حالت میں فوت ہوجائے تو اس کی تدفین کیسے کی جائے ؟ میقات پر کیا جائے ؟ مکہ کی طرف روانگی کے تقاضے کیا ہیں ؟ مسجد الحرام میں کیسے داخل ہواجائے اور اس دوران کیا پڑھا جائے ؟ حجر اسود کو کیسے بوسہ دیا جائے ؟ طواف کیسے کیا جائے ؟ مقام ابراہیم پر کیا جائے ؟ صفا ومروہ کی سعی کیسے کی جائے اور اس دوران کیا پڑھا جائے ؟ حلق یعنی ٹنڈ کروانے کے احکامات کیا ہیں ؟ حجر اسود کو کیسے بوسہ دیا جائے اور اس دوران کیا پڑھا جائے ؟ طواف کیسے کیا جائے اور دوران طواف کیا پڑھا جائے ؟مقامِ ابراہیم پر کیا جائے ؟منیٰ کی طرف روانگی ( 8 ذی الحجہ ) کے دن کرنے والے کام اور دعائیں ؟ منیٰ پر پہنچے کے بعد کیا جائے اور کون سی دعائیں پڑھی جائیں ؟ میدان عرفات(9ذی الحجہ ) میں کیا جائے اور کون سی دعائیں پڑھی جائیں ؟ مزدلفہ میںرات کیسے گزاری جائے ، اس کے آداب ، تقاضے اور دعائیں ؟ یوم النحر (10ذی الحجہ ) والے دن کیا کیا جائے ؟ ایام تشریق ( 11،12،13ذی الحجہ ) میں کرنے والے ؟ طواف وداع اور اس کی دعائیں ؟ حج اکبر کا کیا مطلب ہے ؟ مسجد نبوی شریف کی زیارت کیسے کی جائے اور اس دوران کیا پڑھاجائے ؟ مسجد قبا اور بقیع قبرستان کی زیارت کرتے وقت کیا پڑھا جائے ؟ حج یا عمرے سے واپسی پر رسول اللہﷺ کے معمولات کیا تھے ؟ ان عنوانات سے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ یہ کتاب اپنے ایک جامع اور رہنما کتاب ہے۔ حجم میں بالکل مختصر ہے اسے دوران سفر ساتھ رکھنا آسان بھی ہے، لہٰذا اب جبکہ حج مبارک کی تیاریاں جاری ہیں حج پر جانے والے تمام مردو وخواتین کے لیے اس کتاب کا مطالعہ بے مفید ثابت ہوگا ان شاء اللہ۔ ’ رہنمائے حج وعمرہ‘ کتاب کے علاوہ ’مسنون عمرہ ، مکمل طریقہ ، فضیلت وآداب اور دعائیں‘ کے نام سے ایک اذکار کارڈ بھی دستیاب ہے۔ یہ کارڈ بھی بہت جامع اور نافع ہے۔ عمرہ کے خواہشمند احباب کے لیے اس کارڈ کا مطالعہ بھی مفید ثابت ہوگا ان شاء اللہ۔ 4کلر آرٹ پیپر باتصویر کتاب کی قیمت 200 روپے اور ملنے کا پتا دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور ہے۔ اس سلسلے میں 042-37324034 پر رابطہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
رہنمائے حج وعمرہ (تبصرہ)
May 20, 2025