فریش پی ایچ ڈی نوجوانوں کیلئے شروع کردہ پروگرام ناکام
مکرمی! ایچ ای سی اسلام آباد کا فریش پی ایچ ڈی نوجوانوں کے لئے شروع کیا گیا آئی پی ایف پی پروگرام فنڈز نہ ہونے سے ناکام ہوگیا۔ 500 سے زائد فریش پی ایچ ڈی مایوسی کا شکار ہوگئے۔ ایچ ای سی حکام نے انکے پراجیکٹ کے پرپوزل لینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمشن اسلام آباد کی جانب سے فریش پی ایچ ڈی نوجوانوں کے لئے 2021ء میں ایک سال کی انٹرن شپ اور انہیں ریسرچ پراجیکٹ کے لئے 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ پورے پاکستان سے مختلف سرکاری یونیورسٹیوں میں ان 500 سے زائد نوجوان لڑکے لڑکیوں کو رکھ لیا گیا۔ اب انہیں مختلف یونیورسٹیاں جوائن کئے 2 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن فریش پی ایچ ڈی نوجوانوں سے ان کے پراجیکٹ کی پرپوزنل ہی نہیں لی جا رہی ہے۔ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نائب صدر پرفویسر ڈاکٹر کلیم اﷲ نے فپواسا کے عہدیداروں کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سے اکتوبر2021ء میں صرف آئی پی ایف پی پروگرام کے حوالے سے خصوصی میٹنگ ہوئی۔ جس میں انہوں نے وعدے کئے تھے۔ ابھی تک پورے نہیں کئے گئے۔
(متعدد فریش پی ایچ ڈی سکالرز)