دہشت گردی میں بھارتی ’’را‘‘ ملوث
مکرمی!پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی کی وارداتوں میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ہمیشہ بھارت ہی ملوث رہا ہے جس کے ٹھوس ثبوت پاکستان عالمی اداروں کو کئی بار ڈوزیئر کی صورت میں فراہم کر چکا ہے۔ عالمی اداروں کی طرف سے بھارت کی اس دہشت گردی کا نوٹس لینا تو درکنار‘ انہوں نے ان ڈوزیئرز کو دیکھنا بھی گوارا نہیں کیا جس سے بادی النظر میں یہی اشارہ ملتا ہے کہ بھارت کو عالمی طاقتوں کی آشیرباد حاصل ہے جس سے حوصلہ پا کر وہ پاکستان میں کھل کر دہشت گردی کی وارداتیں کررہا ہے۔ کراچی میں یکے بعد دیگرے ہونیوالی دہشت گردی کی وارداتوں کی تحقیقات میں بھی بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد سامنے آچکے ہیں ۔گزشتہ روز لکی مروت کے علاقے آگری خانزاد خیل ڈگر کلے کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید گئے۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 اہم اور انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔ان وارداتوں میں بھی بھارتی ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ کراچی کے واقعات پر وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران بولٹن مارکیٹ دھماکے کی سخت مذمت کی اور انہیں صورتحال پر قابو پانے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس وقت پاکستان سیاسی اور اقتصادی حالات کے سنگین دور سے گزر رہا ہے جس کا فائدہ بھارت اٹھا رہا ہے تاکہ پاکستان کیخلاف اپنے مذموم ایجنڈے کو عملی جامہ پہنا سکے ۔ اس تناظر میں ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کو باہم دست و گریبان ہونے کے بجائے مل بیٹھ کر معاملات کو سلجھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
(ڈاکٹر سلیم اختر، لاہور)