پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ووٹ کی چوری سے بننے والی حکومت کی وجہ سے بحران ہے جب تک اصل ووٹ رکھنے والی جماعتوں کی حکومت نہیں آئے گی مسائل حل نہیں ہونگے، جعلی اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو نہیں مانتی یہ وزارت عظمی کی کرسی کی بھی توہین ہے ،مسلم لیگ (ن) کے فعالیت کو اب سب دیکھ لیں گے ۔پارلیمینٹ ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا نوازشریف اورشہبازشریف کا بیانہ ایک ہی ہے، بیان کرنے کا طریقہ مختلف ہوسکتا ہے تاہم شہبازشریف کا بھی ووٹ کو عزت دو کا ہی بیانیہ ہے۔شہبازشریف نوازشریف کو اپنا لیڈر تسلیم کرتے ہیں۔ دونوں بھائیوں میں کسی بھی قسم کا اختلاف نہیں ہے ۔ ووٹ کی عزت نہیں کی جائے گی تو یہی حال ہو گا جو اب ملک کا ہو رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ علیمہ خان اور دوسروں کی پراپرٹی نکل آتی ہے، نیب ان کا نام بھی نہیں لیتی، جو مہرے ہیں ان کا کیا نام لیں، یہ سب نیب کو نظر نہیں آتا۔ان کا کہنا تھا کہ سیلیکٹڈ احتساب جب ہو تو اس ادارے کی کیا ساکھ رہ جاتی ہے؟رہنما ء ن لیگ نے کہا کہ نیب نے جو کیسز بنانے ہوتے ہیں اور جسے گرفتار کرنا ہوتا ہے، وزرا اور جعلی وزیراعظم پانچ دن پہلے بتا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور کٹھ پتلی وزیر اعظم کو نہیں مانتی کیونکہ یہ اس کرسی کی بھی توہین ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ببانگ دہل کہتی ہوں کہ بیانیہ ایک ہی ہے کہ ووٹ کو عزت دو، نواز شریف کا بیانیہ بھی وہی ہے، بیان کرنے کا فرق ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا خیال تھا کہ بیانیہ ٹھیک نہیں تو وہ اب بھی نواز شریف کے بیانیے پر آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک شخص کہتا ہے آئین پر عمل کرو تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ہم تو وہ لوگ ہیں جو جعلی سزائیں اور جعلی مقدمے بھگت رہے ہیں، عوام کے ووٹ والی حکومت آئے گی تو سارے مسائل حل ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف بھی نواز شریف کو ہی لیڈر مانتے ہیں ۔مسلم لیگ(ن) کے صرف سوشل میڈیا اور ٹویٹ تک ہونے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب مسلم لیگ ن کی فعالیت سب کو نظر آئے گی،مسلم لیگ ن میں جان نظر آئے گی۔قبل ازیں مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکت سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ پارلیمنٹ میں بطور رکن کب آرہی ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ بہت جلد انشا اللہ۔مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں رہا، اس حکومت کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں، یہ حکومت خود ہی اپنے آپ کو گرادے گی۔(ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھاکہ پارلیمان کی بالادستی اور عوام کی بالادستی، پاکستان کوانہی اصولوں پر چلنا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024