سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک 12 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے رمضان المبارک کے ابتدائی 2 ہفتوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 12 کشمیری نوجوانوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج نے بھی کشمیر کے جنوبی اور شمالی علاقوں میں کیے جانے والے سرچ آپریشن اور نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی۔ سرکاری اعداد وشمارکے مطابق ان نوجوانوں کو10 سے 18 مئی کے دوران محاصرے اور سرچ آپریشن کے نام پر 6 نام نہاد کارروائیاں کر کے شہید کیا گیا۔
سری نگر سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامے کو اعلیٰ بھارتی پولیس افسر نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران محاصرے اور سرچ آپریشن کی کارروائی میں تیزی آئی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ رواں سال کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے کوئی دراندازی نہیں کی گئی۔دوسری جانب کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی دہشت گردی پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ حریت رہنماؤں نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کر کے اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیر کی آزادی کا مسئلہ حل کرے۔