نوازشریف، شہباز شریف اور زرداری بڑے ڈاکو ،اپوزیشن کی بے ایمانی نے سب کو اکٹھا کر رکھا ہے: شیخ رشید
کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہی سربراہی میں ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے نہیں بلکہ زرداری اور نواز گینگ سے خطرہ ہے۔ دو، دو ارب ان کے فالودے والے کے اکاؤنٹ سے نکل رہے ہیں۔ ملک سے بھاگنے کے لیے کہتے ہیں کہ رقم دے دیں گے اور بھاگ کر کہتے ہیں نہیں دیں گے۔انہوں نے اپوزیشن کی افطار پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں بے ایمانیوں کی وجہ سے اکٹھی ہو رہی ہیں۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا شہباز شریف این آر او مانگ رہا ہے۔ اب آصف زرداری بھی یہی فارمولا مانگ رہا ہے۔
سیاست سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ زرداری ہاؤس میں چوروں کا بازار لگے گا۔ لوگوں کو معلوم ہے کہ یہ لوگ کرپٹ ہیں۔ملک میں مہنگائی ان چوروں کے باعث ہوئی ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ شہباز شریف این آراو مانگ رہے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اچھے لوگوں میں پارٹی میں بغاوت کی جرات نہیں ہے۔عمران خان کو چور بازاری پسند نہیں ہے۔ ہرپارٹی میں کچھ اچھے لوگ بھی ہیں۔پیپلزپارٹی کے کچھ رہنماؤں میں بغاوت کی جرات نہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جب حکومت میں آئے تو انھیں پتا چلا کہ چوروں نے جھاڑو پھیرا ہوا ہے۔ نوازشریف، شہباز شریف اور زرداری بڑے ڈاکو ہیں۔اپوزیشن کی بے ایمانی نے سب کو اکٹھا کر رکھا ہے۔اب ان کی سربراہی میں ہی ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔ تاہم انہوں نے اس شک کا اظہار بھی کیا کہ شاید ایک دو ماہ عمران خان کا امتحان سے گزریں۔