بھارتی الیکشن کا آخری مرحلہ مکمل، جمعرات کو گنتی، مودی کے پھر وزیراعظم بننے کا امکان: ایگزٹ پولز
اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارتی انتخابات کا آخری مرحلہ ختم ہونے کے بعد انتخابی نتائج پر جاری ہونے والے ایگزٹ پول کے مطابق نریندر مودی کی سربراہی میں بی جے پی اور اس کے اتحادی آسانی سے حکومت بنا لیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں انتخابی نتائج کے بارے میں جاری ہونے والے اکثر سرویز کے مطابق بی جے پی اور اس کے اتحادی جو این ڈی اے کی شکل سے بھی اقتدار میں تھے لوک سبھا کی تین (300)سو نشستیں حاصل کریںگے جب کہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کا اتحاد یو پی اے 140 نشستیں حاصل کر سکے گا۔ اترپردیش میں ایس پی بی ایس پی اتحاد 20 سے 40 تک نشستیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ مغربی بنگال میں بی جے پی ممتابینرجی کے ووٹ بنک میں دراڑیں ڈالنے میں کامیاب رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ری پبلک بھارت جان کی بات کے مطابق بی جے پی اور اس کے حلفیوں کا اتحاد لوک سبھا کی تین سو نشستیں لینے میں کامیاب ہو جائے گا جبکہ ٹائمز ناؤ وی ایم آر پولزکے مطابق بی جے پی اتحاد (این ڈی اے) 305 نشستیں حاصل کرے گا جب کہ کانگریس اور اس کے اتحادی یو پی اے 132 نشستیں لے سکیں گے۔ جب کہ ایک اور سروے جو ری پبلک سی ووٹر نے کرایا ہے کے مطابق بے جے پی اور اس کے اتحادی 283 نشستیں لے سکیں گے۔ کانگریس اور اس کے اتحاد 128 نشستیں لیں گے۔ گزشتہ روز 59 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ نتائج جمعرات 23 مئی کو آنا شروع ہو جائینگے۔ حکومت سازی کیلئے 545 نشستوں میں سے 272 درکار ہیں۔ ادھر مودی نے ووٹرز کی خوشنودی کیلئے یوگی کا ڈھونگ رچایا جس پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی۔ ادھر راہول گاندھی نے اپنے میڈیا کو جانبدارانہ قرار دیدیا ہے۔