پولی تھین بیگ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں:یوسف نسیم
لاہور (نیوز رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے میاں پلازہ رمضان بازار جوہر ٹائون کا دورہ کیا، صارفین کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ چیف سیکرٹری نے کمشنر لاہور ڈوویژن مجتبیٰ پراچہ اور ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے ہمراہ پولی تھین بیگ کے استعمال کے خاتمے سے متعلق آگاہی پیداکرنے کیلئے صارفین میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ خریداری کیلئے پولی تھین بیگ کی بجائے کپڑے کے تھیلے کے استعمال کو ترجیح دی جائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولی تھین بیگ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں اس لئے جہاں تک ممکن ہو ان کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولی تھین بیگ کے مرحلہ وارخاتمے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے اور کپڑے کے تھیلوں کی تقسیم اس کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کیخلاف سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اور اس سلسلے میںعوام میں شعور اور آگاہی بڑھانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے تما م حکومتی مشینری دن رات کام کر رہی ہے۔