ملکی ترقی‘بقاء کا انحصار نفاذنظام مصطفیؐ پر ہے:زواربہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمدزوار بہادر نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے اس وطن کا حصول دو قومی نظریے کی بنیاد پر کیا تھا جبکہ وطن عزیز اس نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا کہ یہاں رسول اکرمؐکا لایا ہوا نظام نافذ ہو گا ملکی ترقی وبقاء کا انحصاراور استحکام نفاذ نظام مصطفیٰؐمیں ہے۔مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور72 سال گزر جانے کے باوجود ہم اس نظریے سے کوسوں دور ہیںجبکہ اغیار نے خلفاء راشدین کے نظریے اور طرز حکمرانی کو اپنایا اور وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دنیا میں عروج حاصل کرگئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت تاریخ کے بد ترین دور سے گزررہی ہے پاکستانی روپے کی قیمت میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور جا چکی ہیں۔رمضان المبارک کے مقدس ایام میں کھانے پینے کی اشیاء ،بجلی کے نرخوں اور گیس کی قیمتوں میں ہوش رباء اضافے سے غریب عوام کا چالہا ٹھنڈا ہوگیا ہے۔