ڈی آئی جی آپریشنز کا یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوس کے روٹ کا دورہ
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے گزشتہ روز یوم شہادت علیؓ(21 رمضان المبارک) کے جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔ ایس پی سکیورٹی نے ڈی آئی جی آپریشنز کو جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ ، شرکا ء کی سکیورٹی، پارکنگ و دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے موچی گیٹ سے بھاٹی گیٹ تک یومِ شہادت علی کے 5 کلو میٹر پر محیط پورے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈی آئی آپریشنز اشفاق خان نے متعلقہ پولیس افسران کویوم علیؓ کے جلوس کے شرکاء کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ روٹ پر تجاوزات کے فوری خاتمے، سڑکوں پر پیچ ورک، مناسب روشنی کی فراہمی، میڈیکل سہولیات و دیگر اقدامات کے لئے ضلعی انتظامیہ کا تعاون یقینی بنائیں۔اشفاق خان نے کہا کہ جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی حصار پر مبنی حفاظتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ علاقہ میں ابھی سے ہائی الرٹ کے تحت سرچ آپریشنز، سویپ چیکنگ،جیو ٹیگنگ اور بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد شروع کیا جا چکا ہے۔کرایہ داروں،ہوٹلز اور سرائے میں مقیم مسافروں کے کوائف بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا کہ یوم علیؓ اور منسلک پروگراموں کو محفوظ ترین بنانے کے لئے مذہبی رہنماوں کی مشاورت سے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔