کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے صوبے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں جبکہ صبح 12 بجے تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں دن کو پارہ 43 ڈگری تک پہنچ گیا ۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر مزید چند روز برقرار رہے گی جس کے پیش نظر پیر، منگل اور بدھ کو 'ہیٹ ویو' شدید ترین ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نواب شاہ، بدین، دادو، لاڑکانہ، اور سکھر سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بھی موسم شدید گرم ہے جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ 12 بجے تک سب سے زیادہ درجہ حرارت کراچی میں 42، سکھر، مٹھی اور موئنجو داڑو میں 40، حیدرآباد 39، بدین 38 اور شہید بے نظیر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024