غفلت و لاپرواہی برتنے پر بعض پولیس اہلکاروں کو سزائیں ،کئی کے تبادلے
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان نے غفلت و لاپرواہی برتنے پر بعض اہلکاروں کو سزائیں اور دیگر اہلکاروں کے تبادلہ جات کا حکم دے دیا تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے وارنٹ تعمیل میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او سول لائنز جہلم انسپکٹر عبدالعزیز اور محرر تھانہ ہیڈ کانسٹیبل شہزاد کے دو درجے تنزلی تنخواہ جبکہ اے ایس آئی افتخار کی دو سال کیلئے انکریمنٹ روکنے کی سزائیں دے دیں اسی طرح ایک دوسرے حکم کے تحت ضلع اٹک میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں دشواری اور رشوت کی شکایات ملنے پر فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر حسنین حیدر کو ضلع اٹک سے ضلع راولپنڈی اے ایس آئی غلام جعفر کو ضلع اٹک سے ضلع جہلم جبکہ کانسٹیبل شفیق کو ضلع اٹک سے ضلع چکوال تبادلہ کے احکامات جاری کر دیئے اور ہدایت کی کہ فوری طور پر یہ اپنے چارج چھوڑ کر نئی تعیناتی پر رپورٹ کریں ۔