حادثات میں لائن مینوں کی ہلاکتیں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا لائن سٹاف کے اہل خانہ سے معاونت حاصل کرنیکا فیصلہ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے حادثات میں لائن مینوں کی ہلاکت کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے لائن سٹاف کے اہل خانہ سے معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اہل خانہ لائن سٹاف کو حادثات سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کریں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے باالخصوص لائن مینوں کی بیگمات سے تعاون طلب کیا جائے گا کہ وہ اسسٹنٹ لائن مین‘ لائن مین II‘ لائن مین I کو صبح گھر سے رخصت کرتے وقت زندگی کی اہمیت‘ احتیاط کی ترغیب دیں۔ آئندہ چند روز میں اس حوالے سے باقاعدہ مہم شروع کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ہر سال پاکستان میں واپڈا ملازمین کی بڑی تعداد دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہے۔ وزارت توانائی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کوشش اور اقدامات کے باوجود حادثات میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔