کرپشن کا سر کچلے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا: لیاقت بلوچ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا بڑا طاقتور ہے لیکن اب پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ کرپشن ناسور ہے اس کا سر کچلے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ریاستی ادارے آئین جمہوری عمل اور انتخابات کے بروقت انعقاد کو چھیڑے بغیر سب کے احتساب کا عمل جاری رکھیں متحدہ مجلس عمل پاکستان کو بحرانوں اور کرپشن کی دلدل سے نجات دلائے گی ہم سود قرضوں اور بدعنوانیوں کی بیساکھیاں توڑ دیںگے انہوںنے کہا کہ اسلام عالمگیر نظام اور انسانوں کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے قرآن کتاب انقلاب اور ریاستی نظام کو انصاف کے ساتھ چلانے کے لئے مضبوط بنیاد ہے عالم اسلام قرآن و سنت کے احکامات سے انحراف کرکے ذلیل و خوار ہے پوری امت قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہو جائے تو سب بحران ٹل جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب کنور محمد صدیق سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک بھارت بارڈر پر انسانی جانوں کے المیہ اور درپیش خطرات پر احتجاج کیا اور کہا کہ نریندر مودی انسانوں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ اور دہشت گردی پھیلانے کا ماہر ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے بھارت پورے عالمی امن کے لئے خطرہ بن گیا ہے اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے اور بھارت کو ظلم سے روکے۔