فوج کیخلاف بولنے والے بھارتی فائرنگ سے شہادتوں پر خاموش کیوں ہیں: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفیٰ متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری کا نوٹس لے۔ بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہے۔ پاک فوج کے خلاف واویلا کرنے والا نواز شریف بھارتی گولہ باری سے معصوم پاکستانیوں کی شہادتوں پر کیوں خاموش ہے۔ پاکستانی قوم مودی اور اس کے یاروں کو سبق سکھانے کے لئے تیار ہے۔ نواز شریف باغی اور مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ پنجاب حکومت نابینا افراد کے مطالبات پر غور نہ کر کے بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ عالمی برادری ہندو دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائے۔ نواز شریف اپنی پارٹی اور ملک و قوم کے لئے بوجھ بن چکے ہیں۔ سابق نااہل وزیراعظم فوج، عدلیہ اور فوج کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے۔ ن لیگ کا تاحیات رہبر اپنے منفی بیانئے کے ذریعے ملکی سلامتی داؤ پر لگا رہا ہے۔ کرنل سہیل عابد شہید جیسے سپوتوں کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن بحال ہوا ہے۔ پاکستانی قوم اور پاک فوج کا رشتہ کمزور نہیں کیا جا سکتا۔