مسلم لیگ ن کا راستہ گالی نہیں خوشحالی ہے: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہو ر(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہمارا راستہ گالی نہیں، خوشحالی ہے، مخالفین نے الزامات کی سیاست کی اور ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے۔ دن رات محنت کی اور عوام کی خدمت کی اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ تحریک انصاف اور اس کے لیڈر عمران نیازی کی سیاست، جھوٹ، الزام تراشی، انتشار، دھرنے، لاک ڈائون اور سول نافرمانی کے گرد گھومتی ہے۔ دھرنوں، لاک ڈائونوں اور انتشار کی سیاست کی اور قومی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہمیں دوبارہ موقع ملا تو آپ کو آپ کا حق دیں گے،دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والا لیڈر کبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ایم پی اے، سید توصیف شاہ، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار، چوہدری جاوید اقبال، ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ترقیاتی کاموں کے خوف سے مخالفین کے اتحاد بن اورٹوٹ رہے ہیں۔