مکرمی! نومبر 2017 کو وزیراعظم نے خوشخبری سنائی تھی کہ ملک میں لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔ لیکن ملک کے سربراہ کا بیان باطل ثابت ہوا اور بدترین لوڈشیڈنگ نے ثابت کر دیا کہ ہمارے حکمران عوام کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں یکم رمضان المبارک سے لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب نارنگ منڈی وگرد و نواح میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی شروع ہو گئی ہے۔ روزہ داروں کو سحری کے اوقات میں شدید ریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ دوسری طرف رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہوئے بھی تمام اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہاں سبزی فروشوں نے بھی من مانی شروع کر رکھی ہے۔ ماہ صیام میں سال بھر کی روٹیاں پوری کرنے کی گھنائونی سازش کرنے والے مافیا کو انجام تک پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس پر کیوں عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اعلیٰ عدالتیں بھی حکمرانوں پر سخت تنقید کر رہی ہیں۔ یہ چند روز کے مہمان ہیں انہیں عوام کی حقیقی خدمت کرنی چاہئے تاکہ جنرل الیکشن میں عوام ان کا ساتھ دیں ۔ اللہ تعالیٰ ہم پر رحم فرمائے۔ آمین (قمر گولاٹی نارنگ منڈی 0321-7771965)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024