بھاری سبسڈی کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی مہنگے داموں فروخت
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کیلئے ایک ارب 73کروڑ ک سبسڈی دئیے جانے کے باوجود صارفین کوگزشتہ سال کے مقابلے میں اس رمضان میںبعض اشیاء مہنگے داموںمل رہی ہیں۔ جن میں 500گرام کھجور کے پیکٹ کی قیمت جوگزشتہ سال 70روپے تھی امسال 75روپے ہو گئی ہے ۔مشروبات میں 1500ملی لیٹر روح افزاء کی بوتل کی قیمت گزشتہ سال 280روپے تھی جبکہ امسال 31روپے اصافے سے 311روپے ہے ۔ ایک لیٹر دودھ کے ڈبے کی قیمت گزشتہ سال 100تھی جو اس سال 10روپے اضافے سے 110روپے مقرر کی گئی ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رمضان المبارک میں حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے تحت ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی سبسڈی دی تھی اور 1200اشیاء پر دس سے پندرہ فیصد تک رعایت دی گئی تھی جبکہ اس سال یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے تحت دی جانے والی سبسڈی کا حم 13کروڑ روپے اضافے سے ایک ارب 73کروڑ روپے ہے تاہم صرف ایک ہزار سے زائد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 5سے 10فیصد کمی کی گئی ہے ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان المبارک میں فلور ملوں پر صرف سرکاری گندم کی پسائی اور سبز تھیلے میں آٹے کی فراہمی کی پابندی کے باعث یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کی فراہمی نہیں ہو رہی ۔ دریں اثناء ندیم شہید روڈ، ساندہ، مزنگ روڈ، اے جی آفس پنجاب اور شادمان میں خریداری ے لئے آنے والے صارفین نے بتایا کہ حکومت نے رمضان پیکج کا اعلان تو کردیا ہے لیکن اشیائے ضروریہ کی دستیابی ممکن نہیں بنائی گئی ۔ گھی ، کوکنگ آئل ، آٹا ، بیسن سمیت دیگر اشیاء کی رسد طلب کے مطابق فراہم نہیں کی جارہی ۔