میو ہسپتال میں پاکستان کے سب سے بڑے سرجیکل ٹاور کا افتتاح
وزیراعلیٰ پنجاب نے میو ہسپتال میں پاکستان کے سب سے بڑے سرجیکل ٹاور کا افتتاح کر دیا۔ قانون کی حکمرانی مہذب معاشروں کی پہچان ہے اورنج ٹرین میں 70 ارب روپے بچائے ، نیب پنجاب کے عوام کو سلام کرے کہ انہوں نے ایسی حکومت منتخب کی : وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کا تقریب سے خطاب۔
میو ہسپتال میں قائم 6 منزلہ سٹیٹ آف دی آرٹ سرجیکل ٹاور کا گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے افتتاح کرتے ہوئے اسے صحت کے شعبہ میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا ۔اس ہسپتال کے قیام سے پنجاب میں ایک اور جدید ہسپتال کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اگرچہ یہ چھ منزلہ ہسپتال میو ہسپتال سے منسلک ہے مگر یہ ایک مکمل علیحدہ ہسپتال ہے جس میں جلنے کے مریضوں اور امراض قلب کے مریضوں کے علاج کیلئے جدید ترین مشینری نصب ہے جس سے پنجاب کے عوام کو صحت کے شعبے میںمزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے صوبے میں علاج معالجے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ دوسرے صوبوں کے حکمران اسکی نظیر پیش نہیں کرسکے۔ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں اپنی حکومت کی طرف سے اورنج ٹرین میں 70ارب روپے کی بچت کابھی بطور خاص تذکرہ کیا اور پنجاب کے عوام کی تعریف کی جنہوں نے ایسی حکومت منتخب کی جو صوبے میں صحت ، تعلیم ، ٹرانسپورٹ ، روزگار ، صنعت و تجارت کے میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی سے اس وقت پنجاب میں جو ترقیاتی کام مکمل ہو رہے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کام کر رہے ہیں یہی کارنامے مسلم لیگ(ن) کے حق میں ووٹروں کا دل جیت سکتے ہیںاور آئندہ الیکشن میں یہی چیزیں انکی کامیابی کی راہ بھی ہموار کریں گی۔ جس کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔