منصوبے کے تحت ملک میں خانہ جنگی کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے: جاوید ہاشمی
ملتان (اسپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں خانہ جنگی والا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ایسے اقدامات پری پول رگنگ کہلاتے ہیں۔ آج نواز شریف سیاست سے اس لئے آؤٹ ہے کہ وہ انہیں پسند نہیں ہے۔ اصغر خان کیس کے حوالے سے‘ شادیوں کے حوالے سے میرے خلاف منفی پراپیگنڈے کئے جا رہے ہیں۔ آج ملک بڑے بحران کا شکار ہے۔بھٹو سے زیادہ کڑا وقت کسی پر نہیں آیا تھا مگر بھٹو پھر بھی ختم نہ ہو سکا۔ آج پانامہ کیس کے نام پر صرف شریف فیملی کا احتساب ہو رہا ہے۔ یہ احتساب کم اور انتقام زیادہ لگ رہا ہے۔ اس انداز سے شریف خاندان کو کبھی سیاست سے آؤٹ نہیں کیا جا سکتا۔ میری جنگ پاکستان کے اداروں کو مضبوط بنانے کی ہے۔ آج بھی کہتا ہوں کہ فوجی کے بوٹ سے اڑتی دھول میری آنکھوں کا سرمہ ہے۔ خود 4 سے 5 شادیاں کرنے والے مجھ پر خفیہ شادیوں کا الزام لگا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ میں کھڑا نہیں ہو سکتا ہوں میں اپنے لاغر جسم کے ساتھ جمہوری اصولوں کی پاسداری کے لئے پوری توانائی اور طاقت کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں افسوس ناک صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ خفیہ ہاتھ ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنا چاہ رہا ہے۔ میری ساری عمر اداروں کی مضبوطی کے لئے جنگ کرتے گزری ہے۔ آج بھی فوج کی عزت و ناموس کو سب پر مقدم سمجھتا ہوں۔ میں اداروں کا احترم کرتا ہوں مگر اداروں کا آلہ کار نہیں بن سکتا ہوں۔ میں 20 کروڑ عوام کی سربلندی چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت میری 3 سال پرانی تصویر لگا کر میری کردار کشی کر دی گئی میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج ملک سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ دشمن ہماری تاک میں ہمارے اردگرد بیٹھا ہے۔ اگر خفیہ ہاتھ ایسے ہی کام کرتا رہا تو پھر عام انتخابات کا انعقاد بے معنی ہو کر رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کی تحریک کا قائد میں تھا۔ لبیک یارسول اللہ کے نعرے پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہے۔ کئی رہنما تو اپنے لیڈر کے لئے ’’اللھم لبیک‘‘ جیسے الفاظ بول گئے تھے۔ اسی طرح مشہور کر دیا ہے کہ میری دوسری خفیہ شادی بھی ہے۔ میری 6 بیٹیاں ہیںاور بیٹے کے لئے میری بیوی خود کہتی رہی کہ میں دوسری شادی کر لوں مگر میں نے کبھی دوسری شادی کا سوچا بھی نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسی لغو باتیں دل آزاری کا باعث بھی ہیں۔ افسوس تو یہ ہے کہ خود چار یا پانچ شادیاں کرنیوالا ایسے الزامات لگاتا ہے۔ اگر میں شادی کر بھی رہا ہوں تو پھر اس کا اعتراض میری بیوی کی بجائے پی ٹی آئی والوں کو کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 میں جنگ کے دوران فوج کیلئے گلی گلی کشکول لیکر فنڈز مانگے۔ لاہور کی ہیرا منڈی بھی گیا جہاں طوائفوں نے اپنے زیور اس فنڈ میں ڈال دئیے۔ زمانہ طالب علمی میں 4 ہزار روپے کا سکالر شپ ملا تو ساری رقم پاک فوج کو دے ڈالی۔ اس وقت سکوٹر پونے دو ہزار روپے کا مل جاتا تھا۔ 65ء کی جنگ میں فوجی جوانوں کے لئے 45 خون کی بوتلیں لیکر پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پانچوں جنگیں ہارنے والی باتیں میں نے نہیں بلکہ اصغر خان نے کی تھی۔ میں نے تو ان کی بات دہرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے رہنماؤں کو دباؤ ڈال کر پارٹی بدلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ یہ بھی پری پول دھاندلی ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک اثاثہ جات کی واپسی کا قانون بن گیا ہے۔انہوں نے کہا پانامہ میں حاضر سروس جج بھی ملوث ہے مگر وہاں کچھ نہیں ہوا۔ احتساب کا دائرہ صرف شریف فیملی کے گرد پھیرا گیا ہے۔
جاوید ہاشمی