بینگن کی پنیری بھاری میرا زمین میں کاشت کرنے کی ہدایت
راولپنڈی (اے پی پی) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب نے بینگن کے کاشتکاروں کو پنیری کی کاشت کےلئے زرخیز بھاری قسم کی میرا زمین کے انتخاب کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین زراعت نے اے پی پی کو بتایا کہ کاشت سے ایک ماہ قبل ہموار کھیت میں10تا 15ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد اچھی طرح ملا آبپاشی کرنی چاہئے۔ پنیری کی تیاری کےلئے ریت، گلی سڑی گوبر کی کھاد اور عام مٹی کو 3:2:1 کی نسبت سے بالترتیب ملایا جائے اور اس تیار شدہ آمیزے میں تقریباً 5 تا 8انچ اونچی اور ڈھائی سے تین فٹ چوڑی کیاریاں بنا کر اس میں بیج 2-2 انچ کے فاصلہ پر 1/2 انچ گہری لائنوں میں کاشت کرنی چاہئے۔ بیج بونے کے بعد کیاریوں پر پتوں کی گلی سڑی کھاد یا باریک تیار شدہ آمیزہ کو بکھیر دیں اور فوارہ سے صبح شام آبپاشی کریں۔ پنیری کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کےلئے کھجور یا جوار کے پتوں سے دوپہر کے وقت ڈھانپیں اور رات کے وقت ان کو ہٹا دیں۔کیڑوں کے تدارک کےلئے نئی کیمسٹری کی زرعی ادویات استعمال کریں۔