پاکستان امریکہ تعلقات کی بحالی میں زرداری نے خفیہ کردار ادا کیا:بھارتی میڈیا کا دعوی

20 مئی 2012
اسلام آباد (اے پی اے) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ صدر آصف زرداری نے سلالہ چیک پوسٹ حملے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی اور تنازعے کے خاتمے کے لئے پس پردہ رہ کر اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 4 ماہ جاری رہنے والے مذاکرات کا جب کوئی نتیجہ نہ نکلا تو زرداری نے پس پردہ کردار ادا کیا اور یہ معاملہ ختم کرانے کی کوشش شروع کی۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور پاکستان تعلقات متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھ اختلافات بھی تھے۔ حنا کھر کسی بھی طور پر لچک کا مظاہرہ نہیں کر رہی تھیں۔ اسی لئے 26 اپریل کے اسلام آباد میں مذاکرات کا امریکی نائب وزیر خارجہ برائے ایشیا اور بحرالکاہل نے بائیکاٹ بھی کیا تھا۔