نوازشریف کا واویلا چور مچائے شور والی بات ہے: وزیراعظم

20 مئی 2012
لاہور (خصوصی رپورٹر+ اے پی اے) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم چور دروازے سے برسراقتدار نہیں آئے، ہمیں کوئی غیرآئینی طریقے سے نہیں ہٹا سکتا، نوازشریف کا واویلا چور مچائے شور والی بات ہے، ورچوئل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ منتخب وزیراعظم ہیں اور بعض عناصر چاہتے ہیں موجودہ جمہوری حکومت کو ہٹا دیا جائے لیکن وہ ناکام رہیں گے۔ ہم چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ہیں، جب تک عوام کی حمایت حاصل ہے ہم حکومت کرتے رہیں گے، کچھ لوگ حکومت کو ہٹانے کیلئے غیرآئینی طریقہ اپنانا چاہتے ہیں مگر سب لوگ جان لیں کہ اب غیر آئینی طریقہ نہیں چلے گا بلکہ آئینی طریقہ ہی اپنانا ہو گا ہم تھری جی لائسنس کیلئے کوشاں ہیں اس ٹیکنالوجی کیلئے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا، 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا محکمہ صوبائی حکومتوں کے پاس ہے مگر وفاقی حکومت بھی تعلیم کی بہتری کیلئے اقدامات کرتی رہے گی، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر سمیت ملک کے دیگر حصوں میں 30آئی ٹی سنٹر کیمپس بنانے اور تعلیمی اداروں میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کیلئے مزید 17ارب روپے اور تعلیمی اداروں میں نشریات کیلئے ایک گھنٹہ کیلئے سیٹلائٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، وزارت خزانہ کو ہدایت کر دی ہے کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ حکومت شہروں اور دیہات کی سطح تک آئی ٹی سنٹر بنانا چاہتی ہے جس سے 30ہزار نوجوانوں کو اسی سال روزگار مل جائے گا۔ صرف لیپ ٹاپ دینے کا کوئی فائدہ نہیں جب تک براڈ بینڈ نہیں ہو گا انٹرنیٹ استعمال نہیں ہو سکتا،ہم زیادہ سے زیادہ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں اور تھری جی لائسنس کیلئے بھی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ اس لائسنس سے نہ صرف روزگار ہو گا بلکہ ترقی اور خوشحالی بھی آئے گی اور سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ حکومت بھی ہار نہیں سکے گی۔ تھری جی لائسنس کے بعد ملک میں حقیقی معنوں میں انقلاب آئے گا، کچھ لوگ یہ نہیں چاہتے کہ ہم ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سلسلہ جاری رکھیں اس لئے مجھے غیرآئینی طریقے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ورچوئل یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کی تقریب ایکسپو سنٹر لاہور میں ہوئی جس میں خزاں 2010ءتا بہار 2011ءگریجوایشن کرنے والے 2000 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر صداقت مہدی، اساتذہ، طلبا و طالبات، ان کے والدین، علم و ادب سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد، اعلیٰ سرکاری حکام اور معززین شہر سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی کے منفرد نظام تعلیم کی بدولت آج کوئی بھی گھر بیٹھے سہولت کے مطابق تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے ورچوئل یونیورسٹی کے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا۔