شکاگو میں نیٹو سربراہ کانفرنس آج شروع ہو گی، زرداری پاکستان کی نمائندگی کرینگے: ہزاروں افراد کا ویتنام جنگ کے خلاف مظاہرہ

20 مئی 2012
شکاگو (آن لائن+ایجنسیاں) شکاگو میں نیٹو کی دوروزہ سربراہ کانفرنس آج شروع ہوگی۔ صدر آصف زرداری کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ افغان صدر کو اس کانفرنس میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگی۔ اس کانفرنس میں افغانستان غیر ملکی فوجی انخلا اور افغان سکیورٹی کے منصوبے پر بات ہوگی۔ کانفرنس میں 2014 ءکے بعد افغان فورسز پر آنے والے سالانہ چار ارب دس کروڑ ڈالر کے اخراجات پورے کرنے کے لئے رکن ممالک سے تعاون کی اپیل بھی کی جائے گی، اس میں یورپی یونین کے اعلیٰ عہدے داروں کی حاضری کے بارے میں ایک تنازعہ بالکل آخری لمحے میں طے ہوا۔ کانفرنس میں تقریبا ً60 ملکوں سے سربراہان مملکت وحکومت اورعالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ صدر زرداری ترکی اور افغانستان کے صدور اور آسٹریلیا کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ امریکی صدرباراک اوباما سے بھی ان کی ملاقات کا امکان ہے۔حنا ربانی کھر اور سیکرٹری خارجہ صدر مملکت کے ساتھ ہوںگے۔ نیٹو سربراہی کانفرنس سے قبل ہزاروں افراد نے ویتنام جنگ کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ قبل ازیں صدر زرداری نے شکاگو روانگی سے قبل دبئی میں ایک اہم عرب رہنماءسے ملاقات کی اور نیٹو سپلائی لائن کی مجوزہ بحالی کے حکومتی فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئی این پی کے مطابق صدر زرداری کی طرف سے نیٹو سپلائی بحالی کا اعلان متوقع ہے۔