حکومت نے رواں مالی سال کے دوران بنکوں سے 1059ارب روپے کے قرضے لئے : سٹیٹ بنک

20 مئی 2012
کراچی (آئی این پی) سٹیٹ بنک نے کہا ہے کہ حکومت رواں مالی سال کے دوران اب تک بینکاری شعبہ سے 1000 ارب روپے سے زائد کے قرضے لے چکی ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال جولائی تا اپریل 2012 ءبینکاری شعبے سے 1 ہزار 59 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 74 فیصد زائد ہے۔ محصولات میں کمی، سرکاری اداروں کے خسارے، مہنگے ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی پر سبسڈی اور قرضوں کی ادائیگی کے باعث حکومت نے صرف مرکزی بینک سے 400 ارب روپے سے زائد کے قرضے لیے۔ صوبائی حکومتوں نے اپنے اوپر سے قرضوں کے بوجھ کو کم کیا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔