عمر ایوب کی عدم حاضری پر درخواست ضمانت خارج‘ صنم جاوید ‘ دیگر کی 22 مارچ تک ملتوی

Mar 20, 2025

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عدم حاضری پر درخواست ضمانت خارج کردی۔  عدالت نے صنم جاوید، مشال یوسفزئی اور احد شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ملزمان کے وکیل کی استدعا پر 22 مارچ تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عمر ایوب اور ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان عدالت پیش نہیں ہوئے۔ عمر ایوب کے خلاف 26 نومبر کے پرتشدد احتجاج پر تھانہ صدر حسن ابدال کے مقدمات میں نامزد ہیں۔ دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر عدالت نے صنم جاوید کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم صنم جاوید، مشال یوسفزئی کے وکیل نے دلائل کیلئے عدالت سے مہلت طلب کر لی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے 22 مارچ کو دلائل طلب کرلئے۔ سماعت کے بعد احاطہ عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عید سے پہلے اس کا فیصلہ سنایا جائے۔

مزیدخبریں