کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، پنجاب حکومت کا لاہور کے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ

لاہور سمیت مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کے بعد پنجاب حکومت نے کوویڈ کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلہ صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں کوروناکیسز میں اضافے کے بعد ہسپتالوں میں دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں ا ضافہ کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ65سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو واک ان ویکسی نیشن کی سہولت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔صوبائی وزیر نے سروسز ہسپتال میں کوویڈ کے مریضوں کیلئے انتظامات بہتر بنانے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ کیسز والے شہروں میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی تعداد کو بڑھایا جائے اور ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ کیسز میں اضافہ کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 114نئے وینٹی لیٹرز فراہم کر دیئے ہیں جن کو جلد فعال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر لاہور کے ہسپتالوں میں بیڈز کی دستیابی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے، شہری 042-99211136-37پر کال کر کے شہر میں ہسپتالوں میں کوویڈ مریضوں کیلئے بیڈز کی دستیابی سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔