شہید لیفٹیننٹ آغا مقدس لاہور، سپاہی توصیف نارووال، قاسم، اور حوالدار قمر کی لیہ میں تدفین
لاہور/نارروال (این این آئی+ نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ آغا مقدس علی اور سپاہی توصیف، محمد قاسم حوالدار محمد ندیم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، سیاسی شخصیات، عزیز وا قارب اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید لیفٹیننٹ آغا مقدس علی کی نماز جناہ لاہور کے علاقے شاد باغ میں ادا کی گئی، اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ سپاہی توصیف کی نماز جنازہ نارروال میں ادا کی گئی اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ پیر سید اظہر الحسن گیلانی نے پڑھائی، نماز جنازہ کے موقع پر پاک فوج کے لیفٹنٹ کرنل محسن رضا، میجر فیاض اعوان، کپٹن عبداللہ، کپٹن اویس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، 22سالہ شہید محمد توصیف اہل خانہ کے مطابق تقریبا ساڑھے تین سال قبل فوج میں بھرتی ہوا، شہید کا والد محمد اشرف ڈرائیوری کرکے اپنی پانچ بیٹیوں اور دو بیٹوں کا پیٹ پالتا ہے۔ شہید کے چھوٹے بھائی محمد احسن کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنے پیارے پاکستان کی حفاظت کیلئے پاک آرمی میں جائیگا۔ مزید برآں سپاہی توصیف شہید کی نمازہ جنازہ کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے ایک اور بیٹا قربان ہو گیا جس قوم کے ایسے بہادر سپاہی ہونگے اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے۔ لیہ سے کورٹ رپورٹر کے مطابق وطن پر جان قربان کرنے والے لیہ سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے سپوت حوالدار قمرندیم اور سپاہی محمد قاسم کی نمازہ جنازہ بھی آبائی گائوں دھوری اڈا اور کوٹ سلطان میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نمازہ جنازہ میں بریگیڈئیرحمایت اللہ، بریگیڈئیرعاصم ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری زراعت چوہدری طاہر رندھاوا، ڈی پی او حسن اقبال، اے ڈی سی آر فیاض احمد ندیم، اسسٹنٹ کمشنر نیاز احمد مغل، ضلعی صدر پی ٹی آئی افتخار علی بابرکھتران، عزیزو اقارب واہل علاقہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، قرارداد ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور نے جمع کرائی متن میں کہا گیا جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس ملک کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان لیفٹیننٹ آغامقدس خان، حوالدار قمر، سپاہی توصیف، سپاہی قاسم کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔