قومی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات چلی گئی، آسٹریلیا سے پہلا ون ڈے پر سوں ہو گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑی متحدہ عرب امارات چلے گئے۔ 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز پہلا میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا گیا ہے جن کی جگہ شعیب ملک قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 24مارچ، تیسرا میچ 27مارچ، چوتھا 29مارچ ، پانچواں اور آخری ون ڈے 31مارچ کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 4بجے شروع ہوں گے۔شیڈول کے مطابق سیریز کے پہلے دونوں میچز شارجہ، تیسرا میچ ابوظہبی ، چوتھا اور آخری میچ دبئی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1975سے لے کر اب تک 98ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ جن میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری رہا۔ پاکستان کپتان سمیت 6 اہم کھلاڑیوں کے بغیر اس سیریز میں آسٹریلیا کو چیلنج کرے گا۔پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپی ہے۔قومی سکواڈ میں شعیب ملک (کپتان)، عابد علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعد علی، شان مسعود، عمراکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔