پرانے ریفرنسز پر خول چڑھا کر نیا بنادیا گیا, عامر لیاقت جیسے لوگ پی ٹی آئی میں ہی سجتے ہیں :نوازشریف
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب پرانے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا تو نئے ریفرنس کیوں دائر کیے, نئےریفرنسز میں پہلے ریفرنس پر خول چڑھا دیا گیا۔ میرا کیس تو ایسا ہے جیسے تو کون میں خواہ مخواہ ۔ صرف میرے والد کے کاروبار کے پیچھے پڑے ہیں۔ اللہ نے ہمیں انیس سو سینتیس سے نوازنہ شروع کیا۔ حساب لینا ہے تو انیس سو سینتیس سے لیں۔ نوازشریف نے کپتان پر تنقید کے خوب نشتر برسائے کہا بنی گالا والے کیس میں جعلی دستاویزات پیش کی گئیں لیکن عمران خان کو کہا جاتا ہے تمُ ٹھیک ہو۔ انکا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے کیس بند ہیں۔ رینٹل پاور،کوٹیکنا این آئی ایل سی سیل جیسے کیسز ہیں جن پر کرپشن ثابت ہوئی ہے لیکن ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ سابق وزیراعظم نے عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر کہا کہ شکر ہے وہ ن لیگ میں شامل نہیں ہوئے, پی ٹی آئی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لیے ہی بنی ہے, وہاں عامر لیاقت جیسے لوگ ہی سجتے ہیں۔ چوہدری نثار کے شکو ے کے سوال پر سابق وزیراعظم نے خاموشی اختیار کرلی.