پی ایس ایل کی پاکستان آمد، دوسرا پلے آف آج ہوگا
لاہور(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )تھری کا میلہ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہو گیا،پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں (آج)منگل کو دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اورکوئٹہ ہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،جبکہ تیسرا پلے آف میچ (کل) بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی ہوگا اور 25مارچ کو فائنل میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم تیسرے پلے آف میںکراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی اور اس میں فاتح ہونے والی ٹیم کراچی میں 25مارچ کو ہونے والے فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گی جس کا فائنل میں مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہوگا،پی سی بی کی جانب سے لاہور میں پلے آف کیلئے تیاریاں مکمل ہیں،جس کیلئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، سیف سٹیز اتھارٹی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے سٹیڈیم کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کرے گی۔ ٹیموں کے روٹس اورسٹیڈیم پر 300 کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مانیٹرنگ کے لیے 75 پولیس کمیونیکشن آفیسرز پرمشتمل تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پی ایس ایل میچوں کے دوران ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف میں موبائل کمانڈ سنٹر اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے بھی سرویلنس کرے گی۔ اس دوران فیلڈ میں موجود ایس پیزاور ڈی ایس پیز کو ایم ٹی ڈی ہینڈ سیٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ میچوں کے دوران ڈولفن پولیس اور پی آر یو کی گاڑیاں روٹس پر مسلسل نگرانی کریں گی۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میچوں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی ہرممکن راہنمائی کرے گی۔ اس ضمن میں تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی میچز کے دوران ٹریفک کے بہترین انتظامات کو حتمی شکل دی ہوئی ہے ۔سی ٹی او رائے اعجاز احمد کے مطابق لاہور میں آج اورکل ہونے والے پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے لئے شائقین کرکٹ اورشہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔