وفاقی تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہوں سے محروم
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے دیہاڑی دار ملازمین دس ماہ سے بھی تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ مستقلی کے لیے احتجاج کو بھی78روز گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے دوسری جانب احتجاجی اساتذہ نے سپریم کورٹ کو خط لکھتےہوئے مسئلہ حل کرانے کی اپیل کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی سنگدلی کے باعث وفاقی دارلحکومت کے سینکڑوں اساتذہ دس ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں جبکہ نیشنل پریس کلب کے سامنے خواتین اساتذہ کے احتجاج کو 78روز گزرنے کے باوجودحکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ احتجاج میںشامل خواتین اساتذہ نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیاہے اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو خط لکھتے ہوئے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ اس دوران تنخواہوں سے محروم دوہزار کے قریب ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی مکمل فہرست بھی سپریم کورٹ کے ہیومن رائٹس سیل کو بھجوادی گئی ہے۔اساتذہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہاگیاہے کہ تنخواہوں سے محروم ڈیلی ویجز ملازمین میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف شامل ہے جبکہ خواتین اساتذہ کو 350روپے روزانہ کے حساب سے تنخواہ دی جارہی تھی تاہم گزشتہ دس ماہ سے وہ بھی نہیں دی جارہی ہے