مشرف واپس آئیں مکمل تحفظ دینگے : وزارت داخلہ‘ سابق صدر کب پاکستان آنا چاہتے ہیں اور کتنے دن قیام کریں گے؟
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی+نمائندہخصوصی) وزارت داخلہ نے سکیورٹی کےلئے لکھے گئے پرویز مشرف کے وکیل کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر کب پاکستان آنا چاہتے ہیں اور کتنے دن قیام کریں گے؟ انہیں مکمل تحفظ دیا جائےگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کے وکیل کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کی پاکستان آمد کا مکمل شیڈول دیا جائے تا کہ انہیں فول پروف سکیورٹی دینے کا انتظام کیا جائے۔ دوسری جانب سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے وزارت داخلہ کے خط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف ہائی ویلیو ٹارگٹ ہیں، ان کی سکیورٹی سے متعلق عدالت میں یقین دہانی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت اپنی سکیورٹی نہیں کر سکتی وہ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ کو کیسے سکیورٹی فراہم کرےگی؟۔ پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ عدالت میں پرویز مشرف کا سکیورٹی پلان جمع کرائے۔ عدالت میں سکیورٹی کی یقین دہانی پر سابق صدر آئندہ چار سے چھ ہفتوں میں پاکستان آ سکتے ہیں تاہم یقین نہیں ہے کہ حکومت سکیورٹی فراہم کریگی، حکومت عدالت کو آگاہ کرے کہ وہ پرویز مشرف کو کیا سکیورٹی فراہم کریگی؟۔آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف مکمل صحتیاب ہو چکے، (کل)بدھ کو پاکستان واپسی کی تاریخ کا اعلان کریں گے،وزارت دفاع کو سکیورٹی کےلئے درخواست نہیںدی،پرویزمشرف ہر صورت واپس آئیں گے اور عدالتوں کا سامنا کریں گے،پرویز مشرف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، حکومت فول پروف سکیورٹی یقینی بنائے اور انہیں نقل و حرکت ، اظہار رائے کی آزادی دے،نواز شریف عدلیہ اور فوج کو بدنام کر نے کی بجائے اپیل میں جائیں ، پرویز مشرف ملکی اداروں کی بجائے وطن دشمنوں کو للکاریں گے، بھارت بلوچستان کے حوالے سے پاکستان کا نام بیرون ملک بد نام کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بلوچستان سے چیئرمین سینٹ منتخب ہونا مودی کے منہ پر طمانچہ ہے،مشرف نگران حکومت سے پہلے وطن میں ہوں گے۔ وہ اسلام آباد میں پارٹی مرکزی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی خیبر پی کے کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلطان یوسف باچا‘ پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں نے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بھی پرویز مشرف جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو مسائل سے نکالنے اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی جرات رکھتے ہیں۔
مشرف واپسی