حلقہ بندیوں میں گڑ بڑ کے باعث انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے‘ شجاعت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ گالی گلوچ پر بھی تحمل کا مظاہرہ کرنے والے ججوں پر آفرین ہے، فاضل جج صاحبان چاہیں تو اس موسم میں بھی سوٹ پہن کر سپریم کورٹ آنے والے توہین عدالت کے مجرموں کو چھ، چھ ماہ کیلئے مچھ جیل بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ وہاں آئندہ مہینوں میں سوٹ پہن کر ہی موسم انجوائے کریں جہاں پنجاب سے بھی زیادہ گرمی پڑتی ہے۔ وہ صدر مسلم لیگ تحصیل سرائے عالمگیر راجہ محمد اسلام ذمہ واریا کے کمیونٹی سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اپنی پینتالیس سالہ سیاسی زندگی میں فوجی دور بھی دیکھے اور سویلین بھی، اپوزیشن میں رہا اور حکومت میں بھی لیکن ایسا گندا دور نہیں دیکھا جس میں جمہوریت کے نام پر جمہوریت کی مٹی پلید کر رہے ہیں، گالیاں نکالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اگر کسی کو کرپشن میں سزا ہوئی تو اس کے حق میں کسی نے بھی ہڑتالیں اور ہنگامے نہیں کرنے۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ الیکشن ہوتے نظر تو نہیں آ رہے ہیں کیونکہ حلقہ بندیوں میں کافی گڑبڑ ہوئی ہے اگر الیکشن ہوئے تو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد ہو یا نہ ہو ہم پوری قوم کے ساتھ لڑیں گے۔